13 اپریل 2016
وقت اشاعت: 23:6
روس شمالی شام میں فوجی کارروائی سے باز رہے،امریکہ کا انتباہ
جیو نیوز - واشنگٹن.........امریکہ نے خبردار کیا ہے کہ روس شمالی شام کے علاقے میں کسی فوجی کارروائی سے باز رہے کیونکہ یہاں امریکا کے خصوصی فوجی دستے مقامی فائٹرز کو تربیت دینے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی وزارت دفاع ، پنٹاگون نے روس سے کہا ہے کہ وہ شمالی شام کے علاقے میں کسی فوجی کارروائی سے باز رہے کیونکہ یہاں امریکا کے خصوصی فوجی دستے مقامی فائٹرز کو تربیت دے رہے ہیں۔ امریکی فوج کے سینئر افسر لیفٹیننٹ جنرل چارلس براؤن نے اِس مناسبت سے ماسکو حکومت کو خبردار کیا ہے۔
دریں اثنا ذرائع نے بتایا ہے کہ شمالی شام کے مقامی فائٹرز کو امریکی فوجیوں کی تربیت کی وجہ سے وہ ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے خلاف جھڑپوں میں بہتر جنگی حکمتِ عملی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ شام میں روس اور امریکی عسکری اتحاد باغیوں اور جنگجوؤں کے خلاف فضائی حملوں کا سلسلہ بغیر کسی تعاون کے جاری رکھے ہوئے ہیں۔