14 اپریل 2016
وقت اشاعت: 3:39
افغانستان میں کمان کی تبدیلی 2 مارچ کوہوگی، پنٹاگان
جیو نیوز - واشنگٹن........افغانستان میں امریکی فوج کے کمانڈر جنرل جان کیمبل کی جگہ لیفٹیننٹ جنرل جان مِک‘ نکلسن کی کمان کی تبدیلی کی تقریب 2مارچ کو ہوگی۔
امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق جنرل جان کیمبل کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ولسن شوفنر نے کابل سے ٹیلی فون پر انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ افغانستان میں کمان کی تبدیلی 2 مارچ کوہوگی، اس وقت تک جنرل نکلسن افغانستان آچکے ہوں گے جب کہ دونوں کو عبوری دور کے لیے درکار وقت میسر آچکا ہوگا۔
شوفنر نے کہا کہ سکیورٹی وجوہ کی بنا پر اْنھوں نے لیفٹیننٹ جنرل نکلسن کی افغانستان آمد کی تاریخ سے آگاہ نہیں کیا۔جنرل کیمبل کہہ چکے ہیں کہ عبوری دور کے بعد وہ فوج سے ریٹائر ہوجائیں گے۔جنرل کے قریبی اہل کاروں نے بتایا ہے کہ اوباما انتظامیہ نے اْنھیں فور اسٹار جنرل کے عہدے کی پیش کش کی تھی، جو اْنھوں نے قبول کرنے سے معذرت کرلی ہے۔
جنرل کیمبل نے اگست 2014ء کو نیٹو کی بین الاقوامی سکیورٹی اعانتی فوج کی کمان سنبھالی تھی۔ اسی سال اْنھوں نے نیٹو کو مشاورت اور اعانتی آپریشن سے لڑاکا مشن میں تبدیل کرنے کے کام کی قیادت کی تھی۔