16 اپریل 2016
وقت اشاعت: 11:20
لبنان حزب اللہ اور عرب ملکوں میں سے ایک کا انتخاب کرے،بحرین
جیو نیوز - منامہ........ خلیجی ریاست بحرین نے لبنانی حکومت کی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ بیروت عرب ممالک سے ساتھ تعلقات یا حزب اللہ میں سے کسی ایک کا انتخاب کر لے۔
عرب ٹی وی کے مطابق بحرین کے وزیرخارجہ الشیخ خالد بن احمد آل خلیفہ نے ’ٹوئٹر‘ پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ لبنان کے پاس دو ہی راستے ہیں۔ یا تو وہ عرب ملکوں اور مسلم امہ کے ساتھ اپنا تعلق مضبوط کرتے ہوئے اپنا قبلہ درست کرے یا دہشت گرد گروپ حزب اللہ کے ساتھ اپنا تعلق قائم کر کے یہ اعلان کر دے کہ وہ عرب ممالک کے ساتھ تعاون پر تیار نہیں ہے اور اسے دہشت گردوں کا مفاد عزیز ہے۔
انہوں نے کہا کہ حزب اللہ صرف سعودی عرب، بحرین یا عرب ممالک کی دشمن نہیں بلکہ یہ لبنانی قوم، لبنان کی سالمیت اور لبنان کے عرب تشخص کی دشمن ہے۔ لبنان اس وقت دو راہے پر کھڑا ہے۔دریں اثنا سعودی عرب نے لبنان کی تین ارب ڈالر کی امداد معطل کردی ہے، یاد رہے کہ لبنا ن نے ایران میں سعودی سفارتخانے پر حملے کی مذمت نہیں کی تھی۔