17 اپریل 2016
وقت اشاعت: 15:0
امریکا نے شمالی کوریا کےامن منصوبے پر گفتگو کی تجویز مسترد کردی
جیو نیوز - واشنگٹن......جنگ ویب ......امریکا نے شمالی کوریا کی جانب سے دی جانے والی امن منصوبے پر مذاکرات کی تجویز مسترد کردی ہے ،امریکانے تجویز اس خدشے کے پیش نظرمسترد کی ہے کی ایسے کسی منصوبے پرمذاکرات سے جزیرہ نما کوریا کو ایٹمی ہتھیاروں سے پاک نہیں کیا جا سکتا۔
اس سے قبل ایک امریکی اخبار نے دعویٰ کیاتھا کہ اوباما انتظامیہ نئے ایٹمی تجربے سے پہلے شمالی کوریا سے مذاکرات پر تیار تھی ، اس کا مقصد شمالی اور جنوبی کوریا کے درمیان کشیدگی کو کم کرنا تھا۔
جنوبی اور شمالی کوریا کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کے لیے امریکا خفیہ طور پر یہ شرط ختم کرنے پر بھی تیار تھا کہ مذاکرات سے پہلے شمالی کوریا اپنے ایٹمی اسلحے میں کمی لائے، اس کے برعکس امریکا نے مذاکرات میں ایٹمی ہتھیاروں کا معاملہ شامل کرنے کا فیصلہ کیا تھالیکن گزشتہ ماہ شمالی کوریا کے ایٹمی تجربے کے بعد مذاکرات کی یہ کوششیں ختم ہوگئی تھیں ۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی نے بھی ان خفیہ سفارتی کوششوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھاکہ یہ سب امریکا کے طویل المدت مقاصد کے تحت کیا گیا تھا۔
علاوہ ازیں امریکی صدر باراک اوباما نےشمالی کوریا پر نئ پابندیوں کےسلسلے کے ایک مسودے پر دستخط کر دیئے ہیں جس کے تحت شمالی کوریا پر نئی پابندی عائد کئے جانے کے معاملے کا نئے سرے سے جائزہ لیا جائے گا۔