18 اپریل 2016
وقت اشاعت: 17:2
ڈرون حملے: اوباما انتظامیہ پالیسی کی وضاحت میں ناکام
جیو نیوز - واشنگٹن......... عالمی امن اور سلامتی کے بارے میں امریکی ادارے’’ اسٹمسن سینٹر ‘‘نے کہاہے کہ اوباما انتظامیہ اپنی ڈرون حملوں کی پالیسی پر وضاحت کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوگئی ہے۔
اسٹمسن سینٹر کی طرف سے جاری کی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انسداددہشت گردی کے لئے امریکا کی جانب سے کئے گئے اقدامات میں ڈرون حملے بنیادی حیثیت رکھتے ہیں لیکن اوباما انتظامیہ ڈرون حملوں کی پالیسی سے متعلق شفاف اور بنیادی پالیسی دینے میں مکمل طور پرناکام ہوگئی ہے جبکہ اس پروگرام کے لئے تمام جواز اور قانونی پہلوؤں کے حوالے سے امریکی عوام کو دور رکھا گیا ہے۔
رپورٹ میں امریکی حکومت کو ایف گریڈ یعنی فیل قرار دیا گیا ہے اور جن تین پہلوؤں کا ذکر کیا گیا ہے ان میں ڈرون حملوں کے اہداف کے حوالے سے پیش رفت کا فقدان، احتساب کا شفاف طریقہ کار اور لیتھل ڈرون حملوں کے قانونی جوازکورکھا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق کم از کم ایک درجن ممالک میں امریکا کے ڈرون بیس ہیں جن میں ایتھوپیا اور یمن بھی شامل ہیں جب کہ 2014 سے افغانستان، لیبیا، پاکستان، صومالیہ اور یمن میں مہلک ڈرون حملے کئے جارہے ہیں ، اس قسم کے حملے داعش کے خلاف بھی کئے گئے۔
واضح رہے کہ صدر اوباما نے اپنے دور حکومت میں ڈرون حملوں کی پالیسی کو وسعت دی لیکن اوباما انتظامیہ نے حملوں سے متعلق انتہائی کم معلومات فراہم کیں۔