24 جون 2012
وقت اشاعت: 18:34
کشمیریوں سے اظہار یکجہتی:دستخطی مہم کیلئے ایمسٹرڈیم ہالینڈمیں کیمپ کا انعقاد
جیو نیوز - ایمسٹرڈیم … (رضا چوہدری / نمائندہ جنگ) … کشمیر کونسل ای یونے گزشتہ روز ہالینڈکے شہر ایمسٹرڈیم میں کشمیر پر یورپ میں جاری ایک ملین دستخطی مہم کے سلسلے میں کیمپ لگایا۔ بڑی تعدادمیں لوگوں نے مہم کی دستاویزات پر دستخط کرکے مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اپنی ہمدردی اور اظہار یکجہتی کیا۔ ا س مہم کا مقصد یورپ میں مسئلہ کشمیر پر آگاہی پید اکرناہے ، اس مہم کے تحت ایک ملین دستخط جمع کرکے یورپ کی پارلیمنٹ میں پیش کئے جاسکیں گے تاکہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا مسئلہ زیر بحث لایا جاسکے۔ بیان میں کہاگیاہے کہ مقبوضہ وادی میں بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہورہی ہیں، خاص طور ماورائے عدالت قتل کے بے شمارواقعات حالیہ سالوں کے دوران سامنے آئے ہیں۔ مختلف علاقوں میں ہزاروں کی تعدادمیں بے نام قبروں کی دریافت اس بات کو ثابت کرتی ہیں کہ ماورائے عدالت قتل ہونے والے لوگ ان قبروں میں دفن ہیں۔ کشمیری نوجوان کی نسل کشی میں حالیہ سالوں کے دوران تیزی آئی ہے۔کوئی دن خطا نہیں جاتا جس دن انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا کوئی واقعہ پیش نہ آتا ہو۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ عالمی برادری کو چاہئے کہ مسئلہ کشمیرکے حل کیلئے ضروری اقدامات کرے تا کہ 60 سالوں سے مظالم کا شکار کشمیریوں کو مشکلات سے نجات مل سکے، بھارت پر دباوٴ ڈالا جائے تاکہ وہ مقبوضہ کشمیر میں کالے قوانین ختم کرے اور کشمیریوں پر مظالم بند کرے تاکہ کشمیری آزاد ماحول میں اپنے مستقبل کا فیصلہ کرسکیں۔ کشمیر کونسل ای یو کے بیان میں مزید کہا گیا کہ بھارت کشمیریوں پر انتہائی سنگین مظالم ڈھا رہا ہے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بے نام دریافت ہونے والی ہزاروں قبروں، گم شدہ افراد اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی بڑے پیمانے پر تحقیقات کی جائے اور ان واقعات میں ملوث بھارتی فوجیوں کو سخت سے سخت سزادی جائے، کشمیری عوام 6 عشروں سے انصاف مانگ رہے ہیں، اب وقت آگیا ہے کہ انہیں انصاف دیا جائے۔ دستخطی مہم کے کیمپ میں منتظمین کے طور پر کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید، کشمیر سینٹر ہالینڈ کے ڈائریکٹر راجہ زیب خان، ممتاز کشمیری شخصیت راجا لیاقت شفیق، انسانی حقوق کی کارکن ماریان لوکس، دیگر رہنماء و کارکنان چوہدری خالد محمود جوشی، وصی حیدر اور ایم ندیم بھی موجود تھے۔ کشمیر کونسل ای یو کے ایک بیان کے مطابق ہالینڈ کے بعد ناروے میں پیر اور سویڈن میں منگل کو ایک ایک روزہ کیمپ لگائے جائیں گے۔ برطانیہ، فرانس، بیلجیئم، جرمنی اور ہالینڈ و دیگریورپی ممالک میں کشمیر کونسل ای یو کی طرف سے یہ مہم گزشتہ 2 سال سے جاری ہے اور اب تک یورپی باشندوں کی ایک بڑی تعداد اس مہم کی دستاویزات پر دستخط کرچکی ہے۔