5 جولائی 2012
وقت اشاعت: 15:10
پرویز مشرف کی ڈیلاس میں آل پاکستان مسلم لیگ کے کارکنان سے ملاقات
جیو نیوز - ڈیلاس، ٹیکساس …جنگ نیوز…سابق صدر پرویز مشرف نے ڈیلاس کے مختصر دورے کے موقع پر مقامی ہوٹل میں آل پاکستان مسلم لیگ کے کارکنان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران اپنے خطاب میں کارکنوں کو آئندہ آنے والے عام انتخابات کے سلسلے میں خصوصی ہدایات دیں۔ اپنی پاکستان واپسی سے متعلق انہوں نے کہا کہ وہ ہر حال میں جلد ازجلد پاکستان جائیں گے جو کہ رواں ہفتے میں بھی ممکن ہے لیکن اس وقت وہ کوئی حتمی تاریخ نہیں دے سکتے اور پاکستان پہنچتے ہی وہ عام انتخابات کیلئے اپنی عوامی مہم کابھرپور آغاز کریں گے ،اس حوالے سے پورے ملک کا دورہ کریں گے۔ کارکنوں کی جانب سے اُن کی جان کو لاحق خطرات اور ا نتقامی مقدمات کے تحفظات پر اُنہوں نے بڑے پرجوش اندازمیں کہاکہ وہ ہر قسم کے مقدمات کا سامنا کریں گے۔ انہوں نے کہا کے وہ جیل جانے سے نہیں ڈرتے کیونکہ اُنہیں اپنی پیشہ ورانہ فوجی زندگی میں دشمن کی قید میں اذیت سہنے کی تربیت بھی دی گئی ہے۔ دہشت گردوں کی جانب سے ممکنہ قاتلانہ حملے کے متعلق پوچھے گئے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ اپنی پوری زندگی میں کبھی اس بہادر دشمن سے نہیں ڈرے جو سامنے سے حملہ آور ہوتا ہے تو اُن بزدلوں سے کیا ڈریں گے جو حملہ کرنے سے پہلے عورتوں اور معصوم بچوں کو ڈھال بناتے ہیں اور وہ اِن انسانیت کے دشمنوں سے بہت بہترتربیت یافتہ ہیں اور ہتھیارچلانا بھی جانتے ہیں۔ سابق صدر ِپاکستان اور چیف آف آرمی اسٹاف نے مزید کہا کہ وہ سیاست میں اقتدار کے حصُول کی رسہ کشی کے کھیل میں شامل ہونے نہیں بلکہ صدقِ دل سے ملک و قوم کی خدمت پہلے سے بہتر اور احسن طریقے سے کرنے کے جذبے کے تحت شامل ہوئے ہیں۔ اس موقع پر آل پاکستان مسلم لیگ امریکا کے صدرعدیل شاہ اور نائب صدر جاویدصدیقی نے کارکنوں کو ہدایات دیں کہ وہ عام لوگوں کو اس حقیقت سے آشنا کریں کہ اس وقت پاکستان جس معاشی بدحالی کے دور سے گزر رہا ہے اُس سے صرف پرویز مشرف ہی اپنی مدبرانہ صلاحیتوں کااستعمال کرتے ہوئے نکال سکتے ہیں۔ آل پاکستان مسلم لیگ ویمن ونگ سدرن ریجن کی صدر ڈاکٹر تسنیم آغانے ڈیلاس کی خواتین کارکنان کے ہمراہ اس میٹنگ میں شرکت کرکے تمام خواتین کی جانب سے سابق صدرِپاکستان محترم پرویز مشرف کو ہر طرح کے مالی و معاشی تعاون کایقین دلایا،اس موقع پر صدر ڈیلاس ندیم اختراور شاہ رخ صدیقی بھی دیگر کارکنان کے ہمراہ موجود تھے۔