11 جولائی 2012
وقت اشاعت: 2:19
شام میں جاری بغاوت میں 17 ہزار سے زائد شہری ہلاک ہوچکے
جیو نیوز - دمشق…شام میں انسانی حقوق کی تنظیم نے دعویٰ کیا ہے کہ صدر بشار الاسد کے خلاف سولہ ماہ سے جاری بغاوت کے دوران 17 ہزار سے زائد شامی شہری ہلاک ہوچکے ہیں۔ لندن میں قائم شام میں انسانی حقوق کی تنظیم نے اپنی ویب سائیٹ پر دعویٰ کیا ہے کہ صدر بشار الاسد کے خلاف سولہ ماہ سے جاری عوامی بغاوت اور مسلح جھڑپوں کے نتیجے میں 17ہزار 129افراد جاں بحق ہوئے ہیں،جن میں 11ہزار 897 شہری، 884 باغی اور 4ہزار 348 الاسد کے وفادار فوجی اور حامی بھی شامل ہیں۔شامی فوج نے اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ مخالفین کی مسلح کارروائیوں کے نتیجے میں 2ہزار 600 سکیورٹی اہلکار ہلاک ہوچکے تھے۔ جبکہ اقوام متحدہ نے بھی اپریل میں کہا تھا کہ شام میں جاری خونریزی کے سبب دس ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے تھے۔ دریں اثنا اقوام متحدہ اور عرب لیگ کے مشترکہ مصالحت کار کوفی عنان نے تہران میں بتایا ہے کہ شام کے صدر بشار الاسد نے ملک میں جاری خونریزی روکنے کی تجویز دی ہے جس کی شروعات شورش زدہ علاقوں سے ہونی چاہیے۔