11 جولائی 2012
وقت اشاعت: 17:52
کابل: خاتون کا طالبان کے ہاتھوں قتل، سیکڑوں خواتین کا احتجاج
جیو نیوز - کابل … کابل میں خواتین نے ایک افغان خاتون کو طالبان کے ہاتھوں گولی مار کر قتل کیے جانے کے خلاف احتجاج کیا۔ خاتون کو گولی مارے جانے کی ویڈیو افغان حکومت نے خود ایک چینل کو فراہم کی تھی، 3 منٹ پر مشتمل اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون کو تقریباً 150 افراد کے مجمع میں کئی مرتبہ فائر کرکے ہلاک کیا گیا۔ یہ واقعہ کابل کے شمال میں غوربند کے علاقے میں پیش آیا تھا۔ ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد کیے جانے والے احتجاج میں خواتین کا مطالبہ تھا کہ خاتون کے قتل میں ملوث افراد کو گرفتار کرکے انہیں قرار واقعی سزا دی جائے۔ افغان طالبان نے خاتون کے قتل میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔