17 جولائی 2012
وقت اشاعت: 17:14
فرانسیسی فوجیوں کی ہلاکت، افغان فوجی کو سزائے موت کا حکم
جیو نیوز - کابل …افغانستان کی فوجی عدالت نے چار فرانسیسی فوجیوں کو گولی مار کر ہلاک کرنے کے جرم میں افغان فوجی کو سزائے موت کا حکم دیا ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق افغان فوجی اہلکار عبدالصبور نے رواں سال جنوری میں شمالی صوبہ کپیسا میں فائرنگ کر کے چار فرانسیسی فوجیوں کو ہلاک اور 15 کو زخمی کر دیا تھا۔ مذکورہ فوجی اہلکار کو کابل کے پل چرخی جیل میں فوجی عدالت نے پھانسی کی سزا کا حکم دیا۔ افغان وزارت دفاع کے ایک ترجمان محمد ظاہر عظیمی نے فوجی اہلکار کو پھانسی دینے کی سزا تصدیق کی ہے۔ واضح رہے کہ اس واقعہ کے بعد فرانس نے افغانستان سے فوجی انخلاء کے عمل کو تیز کرنے کیلئے کئی اقدامات کئے تھے۔