18 ستمبر 2012
وقت اشاعت: 8:18
امریکا: مسلم اور عیسائی رہنماوٴں کی پریس کانفرنس، گستاخانہ فلم کی مذمت
جیو نیوز - واشنگٹن … گستاخانہ فلم کے خلاف دنیا بھر میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے، امریکا میں مسلمان اور عیسائی رہنماوٴں نے مشترکہ پریس کانفرنس کرکے شرانگیز فلم کی مذمت کی اور دنیا بھر کے مظاہرین سے پر امن رہنے اپیل کیہے۔ امریکا کے شہر لاس اینجلس میں مسلم اور قبطی عیسائیوں کے رہنماوٴں نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ مقامی چرچ کے سربراہ بشپ سیراپیان (Serapian) نے کہا کہ ہم مجموعی طور پر اس فلم کی مذمت کرتے ہیں، کسی بھی مذہب کی مقدس شخصیات کی تضحیک جائز نہیں۔ مسلم رہنماوٴں نے کہاکہ یہ فلم ایک شخص کا ذاتی فعل ہے اور پوری مسیحی برادری اس کی ذمے دار نہیں۔ مقبوضہ کشمیر کے دارالحکومت سری نگر میں سیکڑوں افراد نے احتجاج کیا، مظاہرین نے امریکا اور اسرائیل کے خلاف نعرے لگائے اور فلم بنانے والوں کے خلاف کارروائی اور انٹرنیٹ سے اسے ہٹانے کا مطالبہ کیا۔ مقبوضہ کشمیر کے ضلع ڈوڈا میں بھی اسکول، کالج کے طلبہ سمیت مختلف افراد نے مظاہرہ کیا۔ برطانیہ، لبنان، ترکی، اردن، عراق، سوڈان اور افغانستان سمیت دیگر ملکوں میں بھی مسلمانوں نے امریکی اور یورپی سفارتخانوں کے باہر مظاہرے کئے اور گستاخانہ فلم کے خلاف اپنے غم و غصے کا اظہار کیا۔