19 اکتوبر 2012
وقت اشاعت: 17:13
فرانس: ملالہ نے تعلیم کیلئے بچیوں کو حوصلہ دیا،گورڈن براوٴن
جیو نیوز - پیرس…رضا چوہدری…پیرس میں یو نیسکوکے زیراہتمام ”سب سے پہلے تعلیم“ کے عنوان سے کانفرنس جاری ہے جس میں پاکستان کی نمائندگی وفاقی وزیر تعلیم اینڈ ٹیکنالوجی شیخ وقاص اکرم کررہے ہیں۔ کانفرنس میں ڈی جی یو نیسکوایری نابوگودااور برطانیہ کے سابق وزیر اعظم گورڈن براؤن اوردیگرنے خطاب کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ عزت، تعلیم اور حقوق حاصل کرنا ہر انسان کا بنیادی حق ہے، ملالہ یوسف زئی کا اس سلسلے میں کردارایک نمونہ ہے ،اس نے تعلیم کیلئے بچیوں کو جرأت، ہمت اور حوصلہ دیا۔ کانفرنس کے بعد وفاقی وزیر شیخ وقاص اکرم نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ملالہ کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کے بعد دنیا بھر میں پاکستان کا موٴقف سچ ثابت ہوگیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پیرس میں ایک ڈونر کانفرنس منعقد کرنے کا فیصلہ ہواہے جس میں ملالہ یوسف زئی کے نام سے پاکستان میں خواتین میں تعلیم کے فروغ کیلئے یونیسکوکے زیراہتمام فنڈز اکھٹے کیے جائیں گے۔ اس موقع پر یونیسکومیں وزیراعظم پاکستان کی نمائندہ بیگم شہناز وزیر علی نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یونیسکو کے بورڈ کا ڈائریکٹر کا اجلاس جاری ہے جس میں شرکا ملالہ یوسف زئی کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہیں، اس واقعے کے باعث پوری دنیا کی توجہ پاکستان کی طرف ہوچکی ہے اور یونیسکو میں بھی پاکستان میں تعلیم کے فروغ اور خصوصی طور خواتین کی تعلیم عام کرنے پر سنجیدگی سے غور جاری ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آنے کی توقع ہے۔