21 اکتوبر 2012
وقت اشاعت: 6:29
امریکا اور ایران ایٹمی پروگرام پرمذاکرات کیلئے رضامند،امریکی اخبار
جیو نیوز - واشنگٹن. . . ..ایک امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے ایٹمی پروگرام پر امریکا اور ایران پہلی باربراہ راست بات چیت پررضامند ہوگئے ہیں۔ وائٹ ہاوٴس نے رپورٹ کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے جوہری پروگرام پر مذاکرات کی کوئی ڈیل نہیں ہوئی ہے۔امریکی اخبار کے مطابق اوباما انتظامیہ کے کچھ اعلیٰ عہدے داروں کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ ایران اور امریکا مذاکرات پر متفق ہوگئے ہیں تاہم ایرانی حکام کا اصرار ہے کہ بات چیت کا مرحلہ امریکا کے صدارتی انتخابات کے بعد شروع کیا جائے۔ دوسری جانب وائٹ ہاوٴس نے خبر کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ امریکا ایران کے جوہری پروگرام کا سفارتی ذرائع سے حل چاہتا ہے لیکن صدارتی انتخابات کے بعد ایران کے ساتھ کسی بھی قسم کے مذکرات یا ایرانی حکام کے ساتھ ملاقات پرکوئی اتفاق رائے نہیں ہوا ہے۔