25 اکتوبر 2012
وقت اشاعت: 12:44
عازمین حج وقوف کیلئے میدان عرفات پہنچنا شروع
جیو نیوز - مکہ المکرمہ…آج (9ذی الاحج) حج کا رکن اعظم وقوف اداکیا جارہا ہے،،دُنیا بھر سے آئے ہوئے لاکھوں عازمین حج رات منیٰ میں گزارنے کے بعدعرفات کے میدان پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔ہر جانب لبیک اللہ ھمالبیک کی صدائیں ہیں ،احرام کی سفید چادروں میں ملبوس مرد و خواتین حج کا رکن اعظم ادا کرنے کے لئے میدان عرفات میں پہنچ رہے ہیں۔نوذی الحج ، یوم عرفہ ہوتاہے۔منیٰ میں نمازفجر کی ادائیگی کے بعد عازمین حج عرفات کے لئے جاناشروع کردیتے ہیں۔منیٰ سے عرفات کا فاصلہ تقریبا تیرہ کلومیٹر ہے۔ عرفات میں قائم مسجد نمرہ میں خطبہء حج سننے کے بعد حجاج ظہر اور عصر کی نمازیں قصر کرکے اداکریں گے،، عرفات میں وقوف کے دوران حجاج کرام تلبیہ پڑھنے ، استغفار کرنے اورتسبیح کے ساتھ ساتھ دعاوٴں میں مصروف رہیں گے ہیں۔ وقوف عرفات ادا کرکے،سورج غروب ہونے کے بعد حجاج کرام مزدلفہ روانہ ہوجاتے ہیں جوعرفات سے چھ کلومیٹرکی دوری پر ہے۔ مزدلفہ پہنچ کرحجاج مغرب اور عشاء کی نمازیں تاخیر سے ایک ساتھ ملا کر ادا کریں گے اور پھر رمیء جمرات کے لئے کنکریاں جمع کریں گے۔ حجاج کرام رات کا بقیہ حصہ مزدلفہ میں گزارتے ہیں۔حکومت سعودی عرب نے اس عظیم اجتماعی عبادت کے لئے فول پروف انتظامات کئے ہیں۔