تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
8 نومبر 2012
وقت اشاعت: 1:36

وزیر خارجہ کے عہدے سے ہلیری کی دستبرداری کا امکان

جیو نیوز - واشنگٹن. . . دوبارہ امریکا کا صدر منتخب ہونے کے بعد باراک اوباما کی ٹیم میں بڑی تبدیلیوں کا امکان ہے۔ ہیلری کلنٹن نے بھی وزیر خارجہ کا عہدہ چھوڑنے کا اشارہ دے دیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ صد ر اوباما کے حلف اٹھانے کے بعد وہ اپنے عہدے سے مستعفی ہو جائیں گے ۔امریکی اخبارات نے اوباما کے دوبارہ صدر بننے کے بعد ان کی ٹیم میں متوقع تبدیلیوں اور پاک امریکا تعلقات کے امکانات کا جائزہ لیا ہے۔ ایک امریکی اخبار کے مطابق ہلیری کلنٹن کا کہنا ہے کہ وہ جلد از جلد اپنے عہدے سے دست بردار ہوجائیں گی۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر صدر اوباما کی حلف برداری پر نہیں تو اس کے فوراً بعد وہ وزیر خارجہ کا عہدہ چھوڑ دیں گی۔ ایک اور امریکی اخبار کے مطابق ہلیری کلنٹن کی دست برداری کی صورت میں سینیٹر جان کیری وزیر خارجہ بننے کے مضبوط امیدوار ہیں۔ پاکستان میں کئی حلقوں کو امید ہے کہ اگر جان کیری کو وزیر خارجہ بنایا گیا تو پاک امریکا تعلقات بہتر ہوسکتے ہیں۔ جان کیری پاکستان کے قریبی دوست سمجھے جاتے ہیں اور پاک امریکا تعلقات کے نشیب و فراز کو بہتر سمجھتے ہیں۔پاکستان میں کچھ حلقے یہ توقع بھی لگائے ہوئے ہیں کہ امریکی کابینہ میں ردوبدل اور مضبوط مینڈیٹ کی وجہ سے امریکا کی پاکستان پالیسی میں مثبت تبدیلی ہو سکتی ہے کیونکہ اب اوباما پر دوسرے دور صدارت کے لیے منتخب ہونے کا دباوٴ بھی نہیں ہے۔ وہ خارجہ امور میں زیادہ جرات مندانہ اقدامات کرسکتے ہیں لہذا امید ہے کہ دونوں ممالک کے تعلقات میں ماضی کی نسبت لچک اور بہتری آئے گی۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.