تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
19 نومبر 2012
وقت اشاعت: 9:33

امریکا: فلسطینی عوام پر اسرائیلیحملوں کے خلاف مسلم کمیونٹی سراپا احتجاج

جیو نیوز - ڈیلس…راجہ زاہد اختر خانزادہ…ڈاوٴن ٹاوٴن ڈیلس میں اسرائیلی حکومت کی جانب سے فلسطین کے نہتے عوام پر جارحانہ اور ظالمانہ حملوں کے خلاف ڈیلس کی مسلم کمیونٹی سراپا احتجاج بن گئی، مرد، خواتین اور بچوں نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف زبردست مظاہرہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق آج ڈیلس ٹاوٴن میں پیس سینٹر آف ڈیلس سمیت دیگر مسلمان تنظیموں کی اپیل پر اسرائیل کے فلسطین کے نہتے عوام پر جارحانہ حملوں کے خلاف زبردست احتجاج کیا گیا جبکہ فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی بھی نکالی گئی۔ احتجاج ڈاوٴن ٹاوٴن میں واقع جان ایف کینیڈی میموریل کے قریب کیا گیا۔ جس میں مسلمان تنظیموں امریکن مسلم ڈیموکریٹک کاکس کے شریک چےئرمین سید فیاض حسن، مسلم ڈیموکریٹک کاکس ٹیکساس کے صدر آفتاب صدیقی، ڈیلس پیس سینٹر کے رہنما حادی جواد، ساوٴتھ ایشیاء ڈیموکریسی واچ کے ڈائریکٹر اور کشمیری رہنما راجہ مظفر کشمیری، قراقرم تھنکر فورم کے صدر سراج بٹ، کالم نگار سعید قریشی ، شاہ عالم اور تحریک انصاف ڈیلس فورٹ ورتھ کے کارکنان، تحریک انصاف کی مقامی رہنما نیرہ سید بخاری کی قیادت میں جمع ہوئے۔اس موقع پر ریلی کے شرکاء نے اسرائیل کے خلاف زبردست نعرے بازی کی اور امریکی حکومت سے مطالبہ کیا کہ فلسطین میں بے گناہ مسلمانوں کا قتل عام بند کیا جائے۔ احتجاج میں پاکستان، فلسطین،، شام سمیت دیگر مسلم ممالک سے تعلق رکھنے والے مسلمان مرد و خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریلی 4گھنٹے تک جاری رہی اور شرکائے ریلی نے ڈاوٴن ٹاوٴن کی شاہراہوں پر مارچ بھی کیا۔ ریلی میں مقامی امریکیوں نے بھی حصہ لیا اور وہ بھی اسرائیلی مظالم کے خلاف احتجاج کرتے رہے، ان کا کہنا تھا کہ بے گناہ افراد کے خلاف اسرائیلی ظلم کسی طور بھی قابل قبول نہیں، اس کیلئے ضروری ہے کہ امریکی حکومت اور اقوام متحدہ فوری نوٹس لیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.