12 فروری 2013
وقت اشاعت: 13:23
آگسٹا ہیلی کاپٹروں کی خریداری میں کرپشن بھارت نے تحقیقات کا حکم دیدیا
جیو نیوز - نئی دہلی…بھارتی حکومت نے اٹلی سے آگسٹا ہیلی کاپٹروں کی خریداری میں کرپشن کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ایک غیر ملکی خبر ایجنسی سے بات کرتے ہوئے بھارتی وزارت دفاع کے ترجمان نے بتایا کہ سرکاری عہدے داروں کی جانب سے خریداری کے معاہدے میں رشوت لیئے جانے کی تحقیقات سی بی آئی کرے گی۔بھارت نے 2010 میں اٹلی کی ایک کمپنی سے 12 آگسٹا ویسٹ لینڈ ہیلی کاپٹر تقریباً 75 کروڑ ڈالر میں خریدے تھے جو رواں سال بھارت کو دیئے جائیں گے۔ اٹلی کی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو نے بھارتی عہدے داروں کو رشوت دینے کا اعتراف کیا تھا۔ اطالوی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو کو کرپشن کے الزامات کے تحت اٹلی میں گرفتار کرلیا گیا ہے جب کہ آگسٹا ہیلی کاپٹر بنانے والی کمپنی کے سربراہ کو گھر پر نظر بند کردیا گیا ہے۔