12 اگست 2015
وقت اشاعت: 0:5
بجٹ میں مراعات، مکانوں کی قیمت میں کمی نہیں آئے گی، بلڈرز
جیو نیوز - کراچی.........بلڈرز کے مطابق بجٹ میں مراعات سے مکانوں اور فلیٹو ں کی قیمت میں کمی نہیں آئے گی لیکن اگر حکومت سریے اور سیمنٹ کی رعایتی امپورٹ کی اجازت دے تو قیمتیں 20 فیصد تک کم ہو سکتی ہیں۔ بجٹ میں تعمیراتی شعبے کیلئے مراعات کے بعد مکانوں کی قیمتیں بھی کم ہونے کا خیال ہر ایک کی ذہن میں آرہا ہے،بلڈرز نے پوزیشن واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ 99 فیصد اینٹو ں اور بجری پر سیلز ٹیکس لاگو ہی نہ تھا جبکہ ٹرن اوور ٹیکس اور انکم ٹیکس میں پانچ فیصد کی کمی کا مکانوں کی قیمت میں کمی سے تعلق نہیں، تاہم زیادہ پروجیکٹس بننے سے روزگار بڑھے گا۔ بلڈرز کا دعویٰ ہے کہ اس وقت عالمی قیمت کے مقابلے میں ملک میں سریہ 35 ہزار روپے فی ٹن مہنگا جبکہ سیمنٹ بوری 80 سے 90 روپے مہنگی ہے، اگرسریے کی امپورٹ کھولی جائے اور سیمینٹ امپورٹ پر ٹیکس کم ہو تو مکانوں ، فلیٹو ں کی قیمت 20 فیصد کم ہو سکتی ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر حکومت رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں سرمایا کارو ں کا اعتماد بڑھانے اور واضح فریم ورک پالیسیز ترتیب دے تو نہ صرف پاکستانیوں کے دبئی جانے والے اربوں ڈالرز بلکہ دیگر ملکوں کی بھاری سرمایا کاری باآسانی پاکستان آسکتی ہے۔