13 اگست 2015
وقت اشاعت: 11:16
امن و امان، محکمہ داخلہ سندھ کے بجٹ میں 10 فی صد اضافہ
جیو نیوز - کراچی..........صوبےمیں امن و امان کیلیے سندھ حکومت نے محکمہ داخلہ کے بجٹ میں گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 10 فیصد اضافہ کردیا ہے ۔64ارب 45کروڑ 80 لاکھ روپے کی خطیر رقم سندھ میں امن و امان پر خرچ ہوگی ۔پولیس اور رینجرز کے بجٹ میں بھی خاطر خواہ اضافہ کیا گیا ہے۔ایک ارب روپے سے سندھ پولیس میں 10ہزار نئی اسامیاں پیدا کی جائیں گی ۔ سندھ اسمبلی میں بجٹ پیش کرتے ہوئے صوبائی وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ امن و امان بلند ترجیحات میں شامل ہے اور دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ فنڈز محکمہ داخلہ کیلیے مختص کیے گئے ہیں جو مجموعی اخراجات کا 13 فیصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مضبوط کرنے کیلیے پولیس کا بجٹ بڑھا کر61 ارب 84 کروڑ روپے اور رینجرز کا بجٹ بڑھاکر 2ارب 44کروڑ 80 لاکھ روپے کردیا گیا۔ سندھ پولیس کیلیے بلٹ پروف موبائلز، جیکٹس، ہیلمٹس، اسلحے اور سی سی ٹی وی کیمروں کی خریداری کیلیے 6 ارب 23 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔کراچی سمیت سندھ بھر میں پولیس اور شہری کے تناسب کو مناسب سطح پر لانے کیلیے 10ہزار 300 نئی اسامیاں پیدا کی جائیں گی۔ سندھ پولیس میں ٹرانسپورٹ کی خریداری کیلیے 2 ارب رکھے گئے ہیں۔500ملین روپے سے 200گاڑیوں کو بلٹ پروف اور 100گاڑیوں کو بم پروف بنایا جائے گا۔ سندھ پولیس کیلیے 2 ارب سے نئے ہتھیار اور اثاثے اور 560ملین روپے سے سیکیورٹی کیمرے اور جدید تکنیکی آلات خریدے جائیں گےجبکہ پولیس ٹریننگ سینٹرز کی اپ گریڈیشن اور تزئین نو کیلیے 250 ملین روپے رکھے گئے ہیں۔