تازہ ترین سرخیاں
 کاروبار 
20 اگست 2015
وقت اشاعت: 1:32

پی پی ایل اور اے کے ڈی کمپنی میں مشتبہ سودا، 50 کروڑ کا فراڈ

جیو نیوز - کراچی.......پی پی ایل اور عقیل کریم ڈھیڈی کی کمپنی کے درمیان مشتبہ سودے میں 50 کروڑ کے فراڈ کا انکشاف ہوا ہے۔ سندھ بورڈ آف ریونیو نے فراڈ کی تصدیق کر دی،نیب نے تحقیقات شروع کردی۔ نیب ذرائع کے مطابق پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ کارپوریٹ آفس کراچی کے لیے 2010 میں پی پی ایل افسران کی ملی بھگت سے عقیل کریم ڈھیڈی کی رئیل اسٹیٹ کمپنی سے زمین خریدی گئی۔مشتبہ سودے میں کرپشن اور فراڈ کے ذریعے قومی خزانے کو 50 کروڑ روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔ سندھ بورڈ آف ریونیو کے حکام نے نیب کو جمع کرائی گئی رپورٹ میں فراڈ کی تصدیق کی ہے۔ ایک سماجی کارکن وقاص احمد نے گزشتہ سال پی پی ایل اور اور اے کے ڈی رئیل اسٹیٹ کمپنی کے درمیان 15 جولائی 2010 کو اراضی کی خریداری کے معاہدے کی تحقیقات کیلئے نیب سے رابطہ کیا تھا۔ وقاص کے مطابق پی پی ایل انتظامیہ نے اے کے ڈی رئیل اسٹیٹ کمپنی سول لائنز کوارٹر کراچی میں واقع 35 ہزار 9 مربع گز کا پلاٹ پونے دو لاکھ روپے فی مربع گز کی قیمت پر خریدا جس کی کل رقم ایک ارب 21 کروڑ 24 لاکھ بیالیس ہزار روپے بنی،شکایت کنندہ وقاس احمد کے مطابق سودے کے وقت پلاٹ کا سرکاری نرخ 34 ہزار 500 روپے فی مربع گز اور اوپن مارکیٹ میں قیمت ایک لاکھ سے سوا لاکھ تھی،اس طرح فروخت کنندہ کو غیر قانونی فوائد پہنچانے کیلئے زمین 40 فیصد زیادہ قیمت پر خریدی گئی،جس سے قومی خزانے کو 50 کروڑ کا نقصان پہنچا۔ شکایت کنندہ نے ذمے داروں کے خلاف تحقیقات کے لیے نیب سے رابطہ کیا اور کوئی کارروائی نہ ہونے پر 10 نومبر 2014 کو شکایت کنندہ وقاص احمد نے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کیا۔ نیب نے سندھ ہائی کورٹ کو یقین دہانی کرائی اور معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.