21 اگست 2015
وقت اشاعت: 10:23
یونان اور یورو ممالک میں بیل آئوٹ پیکیج پر سمجھوتہ طے پاگیا
جیو نیوز - ایتھنز......قرضہ بحران کے مسئلے پر یونان اور یورو ممالک کے درمیان 89 ارب پاونڈ کے تیسرے بیل آوٹ پیکیج پر سمجھوتہ ہو گیا ہے۔ اب یونان کو یورو زون سے باہر نہیں نکالا جائے گا۔یورپی یونین کے مطابق معاہدہ تمام فریقوں کے درمیان متفقہ طور پر طے کیا گیا ۔ معاہدے کے تحت یونان 50 ارب یورو کا نجکاری فنڈ قائم کرے گا جس کا انتظام یورپی حکام کے ہاتھ میں ہوگا۔ نجکاری فنڈ سے حاصل ہونے والا منافع قرضوں کی واپسی پر خرچ کیا جائے گا۔ تاہم بیل آئوٹ پیکیج کی بعض انتہائی سخت شرائط یونانی وزیر اعظم الیکسس تیپریس کی حکومت کو مہنگی پڑ سکتی ہیں۔ یونانی وزیر محنت نے ابھی سے ہی معاہدے کی مذمت کر دی ہے۔ یورپی حکام کے مطابق الیکسس تیپریس قرضوں کی واپسی کے لیے سرکاری املاک کی فروخت پر تیار ہو گئے ہیں۔ وہ یونانی معیشت میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے بھر پور کردار کی مخالفت سے بھی پیچھے ہٹ گئے ہیں۔ ریاست کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کے لیے یونان کو تین سالہ بیل آوٹ پیکیج کے فوری آغاز کی ضرورت ہے۔ اس لیے الیکسس تیپریس کو یورپی مطالبات کے تحت جامع معاشی اصلاحات کو بدھ کے روز تک نافذ کرنا ہوگا۔ ان اصلاحات میں اخراجات میں کٹوتیاں، ٹیکسوں میں اضافے اور پینشن اصلاحات شامل ہیں۔ اس کے بعد یونانی پارلیمان سے منظوری درکار ہو گی۔ ساتھ ہی کئی یوروز زون ممالک کو بھی نئے بیل آئوٹ پیکیج کی پارلیمانی منظوری درکار ہو گی۔