تازہ ترین سرخیاں
 دلچسپ خبریں 
27 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 6:22

پاکستان میں خودکشیوں کے واقعات میں اضافہ

پاکستان میں خودکشیوں اور احتجاج میں شدت واقع ہوئی ہے۔ اقتصادی ماہرین نے بھی صورتحال بہتر نہ ہونے پر خودکشی کے واقعات میں اضافے کا خدشہ ظاہر کردیا۔



ہیومن رائٹس کی رپورٹ کے مطابق اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے سنگین مالی مسائل حل کرنے کے لیے اقدامات نہ کیے تو عام لوگوں میں بے چینی اور غصہ خودکشی کے واقعات میں اضافے کا باعث بن سکتے ہیں۔ خود سوزی کا تازہ واقعہ اس ہفتے دارالحکومت اسلام آباد میں پارلیمان کی عمارت کے عین سامنے پیش آیا جب سندھ سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے غربت سے تنگ آ کر خود کو تیل چھٹرک کرآگ لگا لی اور اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ چند روز قبل گوجرانوالہ میں بھی ایک شخص نے مالی پریشانیوں سے تنگ آکر اپنے والدین اور بہن بھائیوں اور پھرخود کو بھی گولی مار کر ختم کرلیا تھا۔



تنظیم کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں خودکشی کرنے والے نو شہرو فیروز کے راجا خان سمیت اس سال ملک میں اب تک 1600 افراد حالات سے مایوس ہو کر خودکشی کرچکے ہیں۔ جبکہ خودکشی کی ناکام کوشش کرنے والے 800 افراد اس کے علاوہ ہیں۔ ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ حالات کو بہتر کرنے کے لیے ہنگامی اقدامات کرے۔



رپورٹ کے مطابق پاکستان میں خودکشیوں اور احتجاج میں شدت آگئی ہے۔ معاشی مسائل کے باعث ملک کے مختلف سرکاری اداروں بشمول ریلوے، اسٹیل ملز، پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز کو سخت مالی بحران کا سامنا ہے اور فنڈز کی کمی کے باعث خصوصاً ریلوے ملازمین کو وقت پر تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی ایک بڑا مسئلہ بنتا جارہا ہے۔ ایک طرف تو دہشت گرد اور جرائم پیشہ افراد لوگوں کو ہلاک کررہے ہیں تو دوسری طرف غربت اور مایوسی سے لوگوں میں جینے کی خواہش کم ہوتی جارہی ہے۔



متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.