9 اگست 2014
وقت اشاعت: 23:54
10 اگست کو سپر مون پاکستان سمیت کئی ممالک میں دیکھا جاسکے گا
کراچی.......دنیا کو اس سال کا سب سے چمکتا دمکتا چاند10 اگست کو دیکھنے کو ملے گا جو پاکستان میں بھی دکھائی دےگا۔ سائنسدان اور نجومی اپنے اپنے حساب کتاب میں مصروف ہیں۔ اس سال کا سپر مون یعنی سب سے بڑا چاند 10اگست بروز اتوار پاکستانی وقت کے مطابق رات 10بج کر 44منٹ پر دیکھا جا سکے گا۔ سائنس دانوں کے مطابق سپر مون سال میں ایک بار اپنا دیدار کراتا ہے جب پورے چاند کی رات میں اس کا حجم اور چمک عام چودھویں کے چاند سے کہیں زیادہ ہوتی ہے۔اس سے قبل جولائی میں ہونے والے ایک پورے چاند کو سپر مون قرار دیا گیا تھا جس کے بعد کہا جا رہا تھا کہ اس سال غیر معمولی طور پر تین سپر مون دیکھے جا سکیں گے تاہم سائنس دانوں نے اس خیال کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ 10 اگست کو ہونے والا سپر مون جولائی اور ستمبرکے پورے چاند سے زیادہ بڑا ہوگا۔ پاکستان سمیت دنیا بھر کے وہ ممالک جہاں سپر مون کی پیدائش کے وقت رات ہوگی ان مقامات پر اسے واضح طور پر دیکھا جا سکے گا۔