18 ستمبر 2014
وقت اشاعت: 12:28
شکاگو میں دنیا کی پہلی تھری ڈی پرنٹڈ گاڑی کا کامیاب تجربہ
شکاگو...........تھری ڈی پرنٹرکا کمال،تھری ڈی پرنٹر کی مدد سے تیار کردہ دنیا کی سب سے پہلی چلنے لائق گاڑی کی کامیاب ٹیسٹ ڈرائیو کا مظاہرہ کیا گیا۔تھری ڈی پرنٹرز ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایک نئی جہت متعارف کروانے میں کامیاب ہوگئے اور اب روزمرہ ضروریات کی کئی چھوٹی بڑی اشیاء فقط تھری ڈی پرنٹرکی مدد سے تیار کرکے زیرِ استعمال لائی جارہی ہیں۔ امریکی شہر شکاگو میں جاری انٹرنیشنل مینوفیکچرنگ ٹیکنالوجی شو2014کے دوران تھری ڈی پرنٹر کی مدد سے دنیا کی سب سے پہلی چلنے لائق گاڑی تیار کرلی گئی ہے جس کا گذشتہروز باقاعدہ ٹیسٹ ڈرائیو کاکامیاب مظاہرہ پیش کیا گیا۔ ٹیکنالوجی شو میں معروف آٹو میکرفرم لوکل موٹرز نے براہ راست 44گھنٹے تک حاضرین کی موجودگی میں گاڑی کے مختلف پرزہ جات کو 40حصوں میں تھری ڈی پرنٹر کی مدد سے پرنٹ کا منفرد کارنامہ سرانجام دیا۔ ان تمام پرزوں کو بعد ازاں لوکل موٹرز کی ٹیم نے مشینری کے ذریعے ایک گاڑی کی شکل میں یکجا کیا جس کے لیے وائرنگ، بیٹری اور ٹائرزوغیرہ دیگر سپلائرز سے حاصل کرکے منسلک کیے گئے۔ 1ہزار 500پونڈ وزن کی حامل دی اسٹراٹی(The Strati)نامی یہ گاڑی 40میل فی گھنٹہ کی رفتار سے دوڑنے کی صلاحیت رکھتی ہے جس کی قیمتِ فروخت کم وبیش18ہزار ڈالر ہے۔