تازہ ترین سرخیاں
 دلچسپ خبریں 
26 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 6:9

پاکستانی نوجوان کے لئے بعد از مرگ اعلیٰ ترین سعودی سول ایوارڈ

سعودی عرب کے فرمانروا خادم الحرمین الشریفین عبداللہ بن عبدالعزیز نے مملکت میں خدمات سرانجام دینے والے ایک نوجوان پاکستانی فرمان علی خان کو بعد شہادت ملک کا اعلیٰ ترین سول اعزاز دینے کی منظوری دی ہے۔

فرمان علی شہید کی انسان دوستی اور اپنی جان جوکھوں میں ڈال کر دوسروں کی زندگی بچانے کے جذبے کا اعتراف کرتے ہوئے مشرقی شہر جدہ کی ایک شاہراہ کو اس کے نام سے موسوم کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔

پاکستان کے یہ قابل فخر نوجوان فرمان علی خان شہید ہیں، جنہوں نے نومبر 2009ء میں جدہ میں ہونیوالی طوفانی بارش کے باعث سیلاب میں گھرے 14 افراد کی جان بچائی اور اپنی جان ، جان آفریں کے سپرد کر دی۔

شاہ عبداللہ نے فرمان علی کواعلیٰ ترین سول ایوارڈ "شاہ عبدالعزیز کٹیگری ون ایوارڈ" دینے اور جدہ شہر میں ایک شاہراہ فرمان علی خان کے نام سے منسوب کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

سوات سے تعلق رکھنے 32 سالہ فرمان علی خان نے پسماندگان میں بیوہ اور تین بیٹیاں زبیدہ، مدیحہ اور جریرہ سوگوار چھوڑیں۔ وہ چھے برس تک سعودی عرب میں مقیم رہے اور صرف دو بار پاکستان آئے جبکہ چھوٹی بیٹی جریرہ کو اپنے ابو سے ملنے کی حسرت ہی رہی۔

واضح رہے کہ ایک سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹ پر ہزاروں سعودی افراد نے جدہ کی سڑک کو فرمان علی خان کے نام سے منسوب کرنے کی مہم چلائی تھی۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.