4 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 15:32
سول اسپتال میرپورخاص کا شعبہ امراض قلب عطیات پر چلنے لگا
میرپورخاص.......میرپورخاص سول اسپتال کا شعبہ امراض قلب حکومتی عدم دلچسپی کے باعث کئی سالوں سے مخیرحضرات کے عطیات پر چل رہا ہے۔
سول اسپتال میرپورخاص کے شعبہ امراض قلب میں خواتین اور بچوں سمیت روزانہ اوسطاً سو سے زائد مریض لائے جاتے ہیں جن میں کم از کم چارمریض ایسے ہوتے ہیں جو دل کے دورے میں مبتلا ہوتے ہیں ۔
یہ اہم ترین شعبہ ضروری آلات سے محروم ہے جو مریضوں کی صحت ہی نہیں زندگی پر بھی اثر انداز ہوتا ہے۔ صرف یہی نہیں، حکومتی عدم دلچسپی کے باعث گزشتہ کئی برسوں سے اس حساس ترین شعبہ میں بنیادی ضروری آلات سے لے کر عمارت کی مرمت تک کا بیشتر انحصار مخیر حضرات کے عطیات پر ہے۔
محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ شعبہ امراض قلب کے لئے علیحدہ بجٹ کی منظوری کیلئے اس سال پیش رفت کی جائے گی۔سول اسپتال کا شعبہ امراض قلب کو حکومت نے جس طرح برسوں تک نظرانداز کیا ، اس کا خمیازہ یہاں لائے جانے والے سیکڑوں مریضوں اور لواحقین کو بھگتنا پڑرہا ہے جنہیں علاج کی مناسب سہولیات نہ ہونے پرحیدرآباد یا کراچی ریفر کیا جانا معمول بن چکا ہے۔