8 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 14:19
کراچی میں رواں سال کا پہلا پولیو کا کیس سامنے آگیا
کراچی....... کراچی میں رواں سال کا پہلا پولیو کا کیس سامنے آگیا، متاثرہ بچی گلبرگ کی رہائشی ہے، پولیو کا کیس سامنے آنے کے بعد سندھ میں پولیو کیسز کی تعداد 5 ہو گئی۔ دوسری جانب شہر میں تین روزہ انسداد پولیو مہم آج دوسرے روز بھی جاری رہی۔
کراچی میں اس سال پولیو کا پہلا کیس سا منے آگیا ہے۔ 18 ماہ کی بچی کراچی کے علاقے گلبرگ یو سی 8 کی رہائشی ہے۔ کراچی میں اکتوبر 2014 سے پولیو کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا تھاجس کے بعد رواں سال سندھ میں پولیو کیسز کی تعداد 5 ، جبکہ ملک بھر میں پولیو کیسز کی تعداد 38 تک جا پہنچی ہے۔
دوسری جانب کراچی میں تین روزہ انسداد پولیو مہم آج دوسرے روز بھی جاری رہی ۔ محکمہ صحت کے مطابق مہم میں کراچی کے 6 اضلاع کے دس لاکھ بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق محکمہ صحت کی جانب سے پولیو ورکرز کی سیکیورٹی کیلئے 4 ہزار پولیس اہلکار وں کی فراہمی کا مطالبہ کیا گیا تھا لیکن صرف 1500 اہلکار فراہم کئے گئے، جس کے باعث مہم متاثر ہونے کا خد شہ ہے۔