16 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 16:4
ڈینگی وائرس سے کراچی اور پنڈی میں دو افراد جاں بحق
کراچی.......ڈینگی وائرس نے کراچی اور راولپنڈی میں دو افراد کی جان لے لی۔ رواں سال ڈینگی سے ہلاکتوں کی تعداد 12 ہوگئی۔
بلدیہ عظمٰی کراچی کی جانب سے فنڈز کی عدم دستیابی پر کراچی میں انسداد ڈینگی مہم معطل ہوگئی ۔ میونسپل ذرائع کا کہنا ہے کہ ایندھن نہ ملنے پر اسپرے گاڑیاں کھڑی کردیں۔
ذرائع میونسپل سروسز کے مطابق شہر میں گزشتہ تین روز سے انسداد ڈینگی اسپرے نہیں کیا جارہا جس کے بعد شہر میں ڈینگی مچھروں کی افزائش بڑھنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بلدیہ عظمٰی کراچی کی جانب سے فنڈز کی عدم دستیابی نے شہر میں انسداد ڈہنگی مہم معطل کردی ہے ۔
شہر کے مختلف علاقوں میں یومیہ 30 گاڑیوں کی مدد سے مختلف علاقوں میں اسپرے کا کام بند پڑا ہے، ذرائع میونسپل سروسز کا کہنا ہے کہ ڈیزل اور پیٹرول نہ ملنے کے باعث گاڑیاں کھڑی کردی ہیں۔
دوسری جانب رواں سال کراچی میں ڈینگی سے 6 افراد ہلاک اور 2200 سے زائد متاثر ہوچکے ہیں۔ طبی ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ شہری گھروں کے اطراف پانی کھڑا نہ ہونے دیں، پانی کے ٹینکوں کی صفائی کرائیں اور رات کو سوتے وقت پوری آستین کے کپڑے پہنیں۔