30 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 7:32
بالائی علاقوں کے زلزلہ متاثرین مختلف امراض میں مبتلا
پشاور.......زلزلے سے متاثرہ بالائی علاقوں میں سردی کی لہر برقرار ہے جس کی وجہ سے زلزلہ متاثرین مختلف امراض میں مبتلا ہورہے ہیں ۔مالاکنڈ ڈویژن کے علاقوں لوئر اور اپر دیر،چترال ،شانگلہ ، بونیر اور گلگت بلتستان کے علاقوں غذر اور دیامر کا موسم سرد سے سرد ترہوتا جارہا ہے ۔
خشک سردی زلزلہ متاثرین کی مشکلات مزید بڑھا رہی ہے ۔خشک موسم کے سبب کئی بیماریاں پھیل رہی ہیں، نزلہ، زکام، کھانسی اورگلے کی خرابی کے ساتھ بچوں میں نمونیا جیسی خطرناک بیماری کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم خشک اورسرد رہے گا ۔ زلزلے سے متاثرہ خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے علاقوں میں اگلے تین سےچار روز کے دوران موسم شدید سرد اور خشک رہنےکا امکان ہے۔