7 نومبر 2015
وقت اشاعت: 15:47
سول اسپتال مکلی میں آپریشن ٹارچ کی روشنی میں ہونے لگے
ٹھٹھہ.......سول اسپتال مکلی کے جنریٹرز خراب ہوگئے، مریضوں کے آپریشن ٹارچ کی لائٹ میں ہونے لگے۔ دوران آپریشن بجلی چلی جائے تو بیک اپ کے لیے اسپتال میں کچھ بھی موجود نہیں۔
دوران آپریشن مریض کی حالت مانیٹر کرنیوالی مشینیں بند ہونے کے باوجود سرجن ٹارچ لائٹ میں آپریشن مکمل کرتے ہیں۔ اسپتال میں ہر ماہ ٹھٹھہ اور سجاول اضلاع کے 60 سے 70 غریب مریضوں کے آپریشنز ہوتے ہیں۔
مکلی سول اسپتال حکام کی بے حسی پر آپریشن کرنے والے سرجن بھی پریشان ہیں۔ سرجن احمد صدیقی نے جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ چار سال سے اسی طرح آپریشنز کر رہے ہیں، چار سالوں میں اسپتال کے 4 میڈیکل سپرنٹنڈنٹس تبدیل ہوئے ، مسئلہ جوں کا توں ہے۔
سرجن احمد صدیقی کا کہنا تھا کہ آنے والے ہر نئے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو جنریٹرز ٹھیک کرنے کو کہتے ہیں پر کوئی نہیں سنتا، دوران آپریشن لائٹ چلی جائے تو ٹارچ لائٹ جلا کر آپریشن کو مکمل کرتے ہیں، لائٹ آنے کے انتظار میں مریضوں کا آپریشن آدھا ادھورا نہیں چھوڑا جاسکتا۔