5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
لاہور،نیشنل ٹی20کرکٹ ٹیم کے نئے چیمپیئن کا فیصلہ آج ہو گا
جنگ نیوز -
لاہور…نیشنل ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا نیا چیمپیئن کون ہو گا، لاہور یا کراچی، اس کا فیصلہ آج ہو گا۔ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں لاہور لائنز نے اسلام آباد لیپرڈز کو شکست دی تو کراچی ڈولفنزنے راولپنڈی ریمز کو زیر کیا۔ٹورنامنٹ کے سیمی فائنلز دیکھنے کے لیے ہزاروں کی تعداد میں شائقین قذافی اسٹیڈیم پہنچے ۔پہلے سیمی فائنل میں راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر کی ٹیم اسلام آباد لیپرڈز کا مقابلہ تھا لیجنڈری بیٹسمین محمد یوسف کی ٹیم لاہور لائنز سے۔ٹاس کے وقت قسمت شعیب پر مہربان ہوئی لیکن ان کے بیٹسمین فائدہ نہ اٹھا سکے۔صرف فیاض احمد نے 53رنز کی اننگز کھیلی، دیگر بیٹمیسن قابل ذکر اسکور نہ بنا سکے۔ ٹیم کا اسکور 20اوور میں آٹھ وکٹ پر 132رنز رہا۔وہاب ریاض تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔جواب میں محمد یوسف کی 57رنز کی دلکش اننگز اور احمد شہزاد کے 44رنز کی بدولت لاہور لائنز نے چھ وکٹ سے فتح اپنے نام کی اور فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔دوسرے سیمی فائنل میں پانچ مرتبہ کی چیمپیئن سیالکوٹ کو شکست دینے والی راولپنڈی ریمز کا ٹکراؤکراچی ڈولفنز سے تھا ،جس کی قیادت قومی ٹیم کے کپتان شاہد خان آفریدی کر رہے تھے۔ ریمز کا آغاز تو اچھا نہیں تھا اور صرف سات رنز پر پہلی وکٹ گری لیکن اس کے بعد بابر نعیم نے شاندار اننگز کھیلی اور وہ 62رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ عمر امین نے 44رنز بنائے اور ٹیم کا اسکور بیس اوور میں چھ وکٹ پر 209رنزتک پہنچایا۔سہیل خان نے تین وکٹ لیں۔جواب مٰیں کراچی ڈولفنز کی دو وکٹیں 40رنز پر گر گئیں،لیکن اوپنر شاہ زیب حسن ڈٹے رہے۔ ان کا ساتھ فواد عالم نے دیا اور وہ 31رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پھر شاہد آفریدی نے صرف 12گیندوں پر 38رنز بنا کر کھیل کا پانسہ ہی پلٹ دیا۔ شاہ زیب نے 51گیندوں پر 71رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی،جبکہ وننگ اسٹروک کھیلنے والے سرفراز نے 22رنز بنائے اور اپنی ٹیم کو فائنل میں پہنچا دیا۔ فائنل آج کراچی ڈولفنز اور لاہور لائنز کے درمیان کھیلا جائے گا۔