5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
یونس خان نے ٹی 20کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لے لیا
جنگ نیوز -
لاہور…پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان کا کہنا ہے کہ مینجمنٹ انہیں کسی بھی طرزکی کرکٹ کھلائے وہ کھیلنے کیلئے تیار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ کرکٹ بورڈ سے لڑ نہیں سکتے ۔بڑوں سے معافی مانگنے سے ان کی عزت کم نہیں ہو سکتی ۔ نو ماہ بعدقومی ٹیم میں شامل ہونے کے بعد منیجر انتخاب عالم کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے یونس خان نے کہا کہ سارا پاکستان اور بورڈ انہیں دوبارہ ٹیم میں شامل دیکھنا چاہتا تھااور وہ خود بھی کیرئیرکا اس طرح اختتام نہیں چاہتے تھے ۔ بورڈنے انہیں پیار سے بلایا وہ آگئے اور تمام گلے شکوے دور ہو گئے ۔کمیٹی کی ویڈیو صرف انہی کو نہیں ملی تھی اس لیے اسے لیک کرنے کا الزام ان پردرست نہیں ۔انہیں ڈسپلن کی وجہ سے ماضی کبھی جرمانہ ہوا اورنہ مستقبل میں ہو گا۔ یونس خان کہتے ہیں کہ وہ ہمیشہ لو پروفائل رہے ہیں اگر وہ سچن ٹندولکر کی طرح ریکارڈز قائم کرتے ہیں اور ٹاپ رینکنگ میں آتے ہیں تو کپتانی لیکر انہوں نے کیا کرنا ہے ۔ ٹی20 ورلڈ کپ جیتنے کے بعد اس طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے والے یونس نے کہا کہ وہ ہر طرز کی کرکٹ کھیل سکتے ہیں ۔یونس خان کا کہنا ہے کہ جب انہیں دورہ آسٹریلیا کیلئے ٹیم میں شامل کیا گیا تو وہ میچ پریکٹس میں نہیں تھے،اب وہ کاؤنٹی اور ڈومیسٹک ٹی20 کپ کھیل کر آئے ہیں۔ ان کی کوشش ہو گی کہ جلد لمبی اننگز کھیلیں اگر ایسا ہو گیا تو کرکٹ سے نو ماہ کی دوری کو بھول جائیں گے ۔