5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
بھارتی کرکٹر سریش رائنا کے بک میکرسے رابطے کا انکشاف
جنگ نیوز -
ممبئی . . . . . برطانوی اخبارنے بھارتی کرکٹر سریش رائنا کے بک میکرسے مبینہ تعلق کا انکشاف کیا ہے ۔ بھارتی کرکٹ بورڈ نے اس الزام کو بے بنیاد قرار دیا جبکہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کردیا ۔ برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق آئی سی سی کا یونٹ اس بات کی چھان بین کررہا ہے کہ بھارتی بورڈ اس بارے میں کیوں خاموش رہا کہ سریش رائنا رواں سال دورہ سری لنکا میں ایسی خاتون کے ساتھ دیکھے گئے جو ایک غیر قانونی بک میکر کی ساتھی ہے ۔ یہ انکشاف ہوٹل میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں سے ہوا ۔ سری لنکن کرکٹ بورڈ نے یہ فوٹیج بھارتی بورڈ کو دی تھی ، لیکن بھارتی بورڈ کے سیکرٹری این شری نِواسن نے کوئی کارروائی کرنے کے بجائے سری لنکن بورڈ سے اِسے واپس لینے کا مطالبہ کیا ۔ شری نواسن کا یہی رد عمل آئی سی سی کی جانب سے تحقیقات کا سبب بنا ۔ آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ اس بات کی بھی تحقیقات کررہا ہے کہ سری لنکن بورڈ نے پہلا رابطہ بھارت بورڈ سے کیوں کیا اور قواعد و ضوابط کے مطابق براہ راست آئی سی سی کو اطلاع کیوں نہیں دی ۔ آئی سی سی کے ترجمان نے مبینہ تحقیقات کے سوال پر کہا کہ کرکٹ کا عالمی ادارہ کسی تحقیقات پر تبصرہ نہیں کرتا ۔ دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا نے جیو نیوز سے گفتگو میں برطانوی اخبار کی رپورٹ کو غلط اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ برطانوی میڈیا کوئی قران یا گیتا نہیں ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ آئی سی سی یا بھارتی بورڈ سریش رائنا کے خلاف کوئی تحقیقات نہیں کررہے ۔