5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
پاکستان کرکٹ بورڈ کی برطانوی جریدے کیخلاف قانونی چارہ کی تیاریاں
جنگ نیوز -
لاہور . . . پاکستان کرکٹ بورڈ نے برطانوی جریدے دی سن کیخلاف قانونی چارہ جوئی کیلئے ابتدائی کام شروع کردیا ہے ، جلد ہی اخبار کیخلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کیا جائے گا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے قانونی مشیر تفضل رضوی نے بتایا کہ آئی سی سی کی جانب سے پاکستان اور انگلینڈ کے تیسرے ایک روزہ میچ کو فکسنگ سے کلیئر قرار دے دیئے جانے کے بعد پی سی بی دن سن کیخلاف قانونی چارہ جوئی کا ارادہ رکھتا ہے ۔ اس سلسلے میں تمام قانونی پہلوؤں کا جائزہ لیا جارہا ہے اور ابتدائی کام شروع کردیا گیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس سلسلے میں اسپاٹ فکسنگ کیس میں معاونت کرنیوالی برطانوی وکیل ایلزبتھ رابرٹسن سے بھی رابطہ کیا ہے ۔ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ دن سن کیخلاف براہ راست عدالتی کارروائی کی بجائے محض معافی نامہ شائع کرنے کے مطالبہ پر ہی اکتفا کریگا۔