5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:46
غیر مہذب رویہ معطل کرکٹرز کو نقصان پہنچا سکتاہے، قانونی مشیر پی سی بی
جنگ نیوز -
لاہور . . . پاکستان کرکٹ بورڈ کے قانونی مشیر تفضل رضوی کا کہنا ہے کہ معطل کھلاڑیوں کا رویہ غیر مہذب ، غیرشائشہ اورنا مناسب ہے ۔ انہیں حتمی سماعت میں اس کا نقصان ہو سکتاہے ۔ محمد آصف نے اپیل واپس لے کر درست فیصلہ کیا ۔پی سی بی کے قانونی مشیر تفضل رضوی نے کہا کہ12گھنٹے کی سماعت میں کھلاڑی بولے اور نہ ہی ان کے وکلا، لیکن معطلی برقرار رہنے کے بعد وہ ٹریبونل پرشک کا اظہارکررہے ہیں ، یہ تو ایسے ہی ہے جیسے آؤٹ ہونے کے بعد نوبال قرار دے دیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ سماعت میں ہارون لورگاٹ کی موجودگی پر انہیں اعتراض تھا تو کھلاڑیوں کے وکلا اسی وقت اعتراض کرتے ، تب تو انہوں نے کہا کہ وہ سماعت سے مطمئن ہیں فیصلے سے نہیں۔ پی سی بی کے قانونی مشیر نے کہا کہ بورڈ پر کھلاڑیوں کو بے یارو مدد گارچھوڑے کا الزام درست نہیں ۔ تفضل رضوی کا یہ بھی کہنا ہے کہ محمد عامراورسلمان بٹ نے اپیل کرکے رسک لیا جبکہ محمد آصف کا فیصلہ درست تھا ۔انہوں نے کھلاڑیوں کو مشورہ دیا کہ یہ معاملہ بہت حساس ہے انہیں اپنے جذبات اوراحساسات پرقابورکھنا چاہئے۔ جو بات کرنی ہے اپنے وکلا کے ذریعے کریں اوراپنا بیان لکھ کر جاری کریں ، ورنہ انہیں مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔