5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
پی سی بی میں بیٹھے بابوں نے کرکٹ کا بیڑہ غرق کردیا،اقبال محمد علی
جنگ نیوز -
اسلام آباد…قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے کھیل نے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی اگزیکٹو کمیٹی کو توڑنے کی سفارش کرتے ہوئے کہا ہے کہ65 سال سے زائد العمر افراد کو اسپورٹس باڈیز اور فیڈریشنز میں نہیں ہونا چاہئے۔ پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں قائمہ کمیٹی برائے کھیل کا اجلاس اقبال محمد علی کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں پاکستان اولمپک ایسو سی ایشن کے معاملات کا جائزہ لیا گیا۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے نائب صدر خواجہ فاروق سعید نے کمیٹی کو رواں سال کی کارکردگی رپورٹ پیش کرنے کے بجائے2007-08 کی سالانہ رپورٹ پیش کی، جس پر کمیٹی نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر کمیٹی کے چیئرمین اقبال محمد علی نے اس موقع پر کہا کہ ملک کی کسی بھی اسپورٹس باڈی میں65 سال کے زائد عمر کے افراد کو موجود نہیں ہونا چاہئے۔ انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ میں بابے بیٹھے ہوئے ہیں، ایک سال میں چھ کپتان قومی کرکٹ ٹیم کے تبدیل کر دیئے ہیں اور ملک میں کرکٹ کا بیڑہ غرق کر دیا ہے۔ کمیٹی کے تمام ارکان نے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی کارکردگی کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور ہدایت کی آیندہ اجلاس میں ایسوسی ایشن مکمل تیاری کے ساتھ آئے۔اس موقع پر کمیٹی نے ہدایت کی کہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اپنے پانچ سالہ آڈٹ رپورٹس کمیٹی میں پیش کی جائیں اور ایسوسی ایشن اپنے اکاؤنٹس کا آڈٹ آڈیٹر جنرل آف پاکستان سے کرائے جائیں۔ کمیٹی نے پی او اے کی ناقص کارکردگی پر اس کی ایگزیکٹو کمیٹی توڑنے کی ہدایت کر دی۔