5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
انگلش کرکٹرزپرسوشل ویب سائٹس استعمال کرنے پر پابندی کا امکان
جنگ نیوز -
لندن . . . سماجی نیٹ ورکنگ ویب سائٹس کا جادو دنیا بھر میں پھیلتا جارہا ہے اور ہر چھوٹا بڑا،عام وخاص،فارغ حتیٰ کہ مصروف شخصیات بھی اس کے سحر سے بچ نہیں سکے۔اس کی تازہ ترین مثال انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی ہے جو بیشک پاکستان کے ساتھ ہوم سیریز میں مصروف ہیں تاہم ان کا زیادہ تر فارغ وقت ان سماجی ویب سائٹس کی نظر ہوجاتاہے۔اپنے کئی کھلاڑیوں کی ان ویب سائٹ پر بے پناہ مصروفیت اور ہر چھوٹی بڑی بات مداحوں کو بتا دینے کیپس منظر کو زیر غور لاتے ہوئے انگلینڈ کرکٹ بورڈ دوران سیریز جب کھلاڑی اصولاً ملک کے لیے ڈیوٹی انجام دے رہے ہوتے ہیں ان کے سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹس کے استعمال پر پابندی عائدکرنے پر غور کررہا ہے۔ سماجی نیٹ ورکنگ ویب سائٹس جیسا کہ ٹوئٹر اور فیس بک پر کئی انگلینڈ کھلاڑیوں کے پروفائل موجود ہیں جہاں ان کے بے پناہ مداح موجودہیں اور اپنے مداحوں کو باخبر رکھنے کے لیے یہ کھلاڑی سیریز کے دوران بھی کئی گھنٹے ان ویب سائٹس کی نذر کرتے پائے گئے ہیں۔انگلینڈ کرکٹ بورڈ کا ارادہ ہے کہ اگلے سینٹرل کنٹریکٹ میں ایک خاص شق کے اضافے کے ساتھ وہ اپنے کھلاڑیوں کو اس بات کا پابند بنائے کہ سیریز کے دوران کوئی کھلاڑی سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹس استعمال نہیں کرے گا۔