5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
پاکستانی کرکٹرز نے مظہر مجید سے پیسے لینے کا اعتراف کر لیا
جنگ نیوز -
لندن...پاکستانی کرکٹرز نے مظہر مجید سے پیسے لینے کا اعتراف کر لیا ہے، جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے قانونی مشیر تفضل رضوی کاکہناہے کہ مظہر مجید کھلاڑیوں کاایجنٹ تھا، جبکہ کھلاڑیوں سے رقم ملنے کایہ مطلب نہیں کہ وہ مجرم ہیں ،کھلاڑیوں کواسپانسرشپ کی مد میں بھی معاوضہ ملتاہے۔جیونیوز سے بات کرتے ہوئے تفضل رضوی نے کہاکہ کھلاڑی رضاکارانہ طور پر تفتیش کیلئے گئے تھے ،انہیں بلایا نہیں گیا تھا،ان سے جو پوچھا گیا اس کا انہوں نے تفصیلی جواب دیا۔تفضل رضوی نے کہاکہ کسی کے پاس سے رقم ملنے کایہ مطلب نہیں کہ وہ مجرم ہے، کھلاڑیوں کو اسپانسرشپ کی مد میں بھی پیسے ملتے ہیں ،کھلاڑی مختلف اداروں کے ملبوسات استعمال کرتے ہیں ،مختلف تقریبات میں شریک ہوتے ہیں جس کے عوض انہیں معاوضہ ملتا ہے۔پی سی بی کے قانونی مشیر نے بتایاکہ کھلاڑیوں کاکہناہے کہ انہیں نہیں معلوم تھا کہ مظہرمجید کسی غیرقانونی کام میں ملوث ہے،کھلاڑیوں کے ایجنٹ سے جوکنٹریکٹ تھے وہ انہوں نے تفتیش کے دوران پیش کئے۔تفضل رضوی نے کہاکہ کھلاڑیوں کو عارضی طورپر معطل کیاگیاہے، اورانہیں انفرادی طورپر جواب داخل کرنا ہوگا۔