5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
پاکستانی کرکٹرز کیخلاف انتہائی مضبوط شواہد ہیں،پال میکارتھی کا دعویٰ
جنگ نیوز -
لندن ... میچ فکسنگ اسکینڈل سامنے لانے والے برطانوی اخبار نیوز آف دا ورلڈ کے اسپورٹس ایڈیٹر نے دعویٰ کیا ہے کہ اخبار کی جانب سے پاکستانی کرکٹرز کیخلاف جمع کیے گئے شواہد انتہائی مضبوط ہیں۔ آئی سی سی اور اسکاٹ لینڈ یارڈ کی تحقیقات میں بھی انہیں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے۔پال میکارتھی نے برطانوی ٹی وی چینل کو انٹرویو میں بتایا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کی میچ فکسنگ سے متعلق مزید انکشافات پر مبنی اٹھارہ صفحات کی رپورٹ آج شائع ہوگی۔ اور گزشتہ ہفتے کیطرح اس بار بھی یہ دنیا کو ہلا کر رکھ دیگی۔میکارتھی کا کہنا تھا کہ میچ فکسنگ اسکینڈل سامنے لانے والے رپورٹر مظہر محمود انتہائی باصلاحیت صحافی ہیں جن کی تحقیقاتی رپورٹنگ میں کافی گہرائی ہوتی ہے۔ جبکہ اخبار کی تحقیقاتی ٹیم نے جو شواہد جمع کیے اس پر پورا اطمینان ہے۔ نیوز آف دا ورلڈ کے اسپورٹس ایڈیٹر کا کہنا تھا کہ آج شائع ہونے والی رپورٹ میں بھی میچ فکسنگ کی تحقیقات کا سامنا کرنے والے اُس چوتھے کھلاڑی کا نام ظاہر نہیں کریں گے۔ پال میکارتھی نے دعویٰ کیا کہ یاسر حمید نے جو انکشافات کیے ہیں انکا تعلق پاکستانی ڈریسنگ روم میں ہونے والی کہانیوں سے ہے۔ یاسر حمید نے ان تمام باتوں کی تفصیلات بتائی ہیں کہ کس طرح جان بوجھ کر نو بال کرانے پر فی کھلاڑی بیس سے پچیس ہزار پاؤنڈ ملتے ہیں۔ میکارتھی کا کہنا تھا کہ اخبار کے جمع کیے گئے شواہد آئی سی سی اور اسکاٹ لینڈ یارڈ کی تحقیقات میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ اور آئی سی سی کی جانب سے تین پاکستانی کھلاڑیوں پر الزامات اور انہیں معطل کرنے کی کارروائی بھی اخبار کے فراہم کردہ شواہد کی بنیاد پر ہوئی۔