5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
پاکستانی کرکٹرز کو جواب داخل کرنے کیلئے آئی سی سی نے مزید مہلت دیدی
جنگ نیوز -
لندن....میچ فکسنگ کے الزامات کا شکار تینوں کرکٹرز نے آئی سی سی کی تحقیقات ملتوی کرانے کیلئے کوشش شروع کردی ہیں،انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کھلاڑیوں کی درخواست منظورکرتے ہوئے تفصیلی جواب داخل کرنے کے لیے مذید مہلت دے دی ہے۔ذرائع کے مطابق میچ فکسنگ الزامات کاشکار محمدعامر،محمدآصف اورسلمان بٹ کی وکیل الزبتھ رابرٹسن نے آئی سی سی سے درخواست کی ہے کہ انہیں تفصیلی جواب داخل کرنے کے لیے مذید وقت دیا جائے کیونکہ بیک وقت اسکاٹ لینڈاورآئی سی سی کی کارروائی پر توجہ دینا ممکن نہیں،اس لیے جب تک اسکاٹ لینڈ یارڈ کی کارروائی مکمل نہیں ہوجاتی ،جواب داخل نہیں کیاجاسکتا۔آئی سی سی نے کھلاڑیوں کی درخواست منظور کرتے ہوئے جواب داخل کرنے کے لیے مزید مہلت دے دی ہے۔ذرائع کاکہناہے کہ کھلاڑیوں کی طرف سے مہلت مانگنے کا مقصد اسکاٹ لینڈ یارڈ کی تحقیقات پرتوجہ دینا ہے کیونکہ کھلاڑیوں کو اسکاٹ لینڈ یارڈ نے کلیئر کردیا تو آئی سی سی میں ان کا کیس مضبوط ہوجائے گا،اگر کھلاڑی آئی سی سی کی کارروائی کا بھی سامنا کرتے رہے اورفیصلہ ان کے حق میں نہ ہوا تو یہ فیصلہ اسکاٹ لینڈ یارڈ کی کارروائی پر بھی اثر انداز ہوسکتاہے۔اس سے پہلے تینوں کرکٹرز نے منگل کو معطلی کے خلاف آئی سی سی کو اپیل کردی ہے ،اپیل کے لیے انہیں چودہ دن کا وقت دیا گیاتھا۔