5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
قومی کرکٹرز پر میچ فکسنگ کے نئے الزامات میں صداقت نہیں،تفضل رضوی
جنگ نیوز -
لاہور…پاکستان کرکٹ بورڈ کے قانونی مشیر تفضل رضوی نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں پر میچ فکسنگ میں ملوث ہونے کے تازہ الزامات میں کوئی صداقت نہیں، جبکہ چیئرمین پی سی بی اعجاز بٹ دبئی پہنچ گئے ہیں ، کل ہارون لورگاٹ سے ملاقات متوقع ہے ۔ برطانوی اخبار دی سن کی جانب سے الزامات اور آئی سی سی کی جانب سے تصدیق کے اعلان کے کئی گھنٹوں بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے پہلا ردعمل اس کے قانونی مشیر کی جانب سے سامنے آیا ہے جس میں تفضل رضوی نے محض اتنا کہا کہ ان الزامات میں کوئی صداقت نہیں اور پاکستان کرکٹ بورڈ فی الحال ان تمام الزامات کو مسترد کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کیخلاف تیسرے ایک روزہ میچ میں پاکستانی کرکٹرز نے کسی قسم کی میچ فکسنگ نہیں کی ، دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اعجاز بٹ دبئی پہنچ گئے ہیں ، امکان ہے کہ وہ آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو ہارون لورگاٹ سے ملاقات کریں گے ۔