5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
تنازعات نے پاکستانی کرکٹرز کو پہلے سے زیادہ متحد کردیا ہے ،آفریدی
جنگ نیوز -
کراچی…پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ دورہ انگلینڈ ان کے سترہ سالہ کرکٹ کیرئیر کا سب سے مشکل دورہ تھا ، تنازعات نے پاکستانی کرکٹرز کو پہلے سے زیادہ متحد کردیا ہے ۔انگلینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز میں تین ۔ دو کی شکست کے بعد پاکستان ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی ساتھی کرکٹر اسد شفیق کے ساتھ جب کراچی ائرپورٹ سے باہر آئے تو وہاں موجود شائقین کی بڑی تعداد نے انہیں گھیرے میں لے لیا ، جس سے ائرپورٹ پر دھکم پیل شروع گئی ۔بعد میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفت گو میں شاہد آفریدی نے کہا کہ دورہ انگلینڈ ان کے کیرئیر کا مشکل ترین دورہ تھا، تنازعات نے مسائل پیدا کئے لیکن اس کے باوجود کھلاڑی متحد رہے۔بوم بوم آفریدی نے شعیب اختر پر بال ٹیمپرنگ کے الزامات پر حیرت کا اظہار کیا ، ان کا کہنا تھا کہ انگلش پریس نے دباؤ ڈالنے کی ہر ممکن کوشش کی ، پاکستانی کرکٹرز کرکٹ کرپشن میں ملوث نہیں، لیکن شکوک و شبہات کا موقع بھی ہمارے کرکٹرز نے ہی دیا۔ایک سوال پر شاہد آفریدی نے کہا کہ جوناتھن ٹراٹ نے وہاب ریاض سے معافی مانگ لی تھی اس لئے معاملہ ختم کردیا گیا ، لیکن حالیہ تنازعات کے بعد پاکستان اور انگلینڈ کے کھلاڑیوں کے تعلقات بھی خراب ہوگئے ہیں ۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ آخری ون ڈے میں خراب فیلڈنگ کے ساتھ ساتھ ناقص امپائرنگ بھی پاکستان ٹیم کی شکست کا سبب بنی ،جو کھلاڑی اچھا نہیں کھیلے گا وہ ٹیم کا حصہ نہیں رہے گا۔