5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
مصباح الحق کے پاس بہترین کرکٹ دماغ ہے، جیف لاسن
جنگ نیوز -
سڈنی …پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ جیف لاسن نے مصباح الحق کو کپتان بنانے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ مصباح کے پاس بہترین کرکٹ دماغ ہے، بورڈ کو یہ فیصلہ بہت پہلے ہی کرلینا چاہئے تھا۔ایک ویب سائٹ کو دئیے گئے انٹرویو میں جیف لاسن نے کہا کہ36سالہ مصباح الحق نہ صرف ایک فٹ کھلاڑی ہے بلکہ اس میں ٹیسٹ ٹمپرامنٹ بھی ہے۔ لاسن نے کہا کہ ان کی کوچنگ میں مصباح نے ایک ون ڈے میچ میں کپتانی کی تھی اور انہیں متاثر بھی کیا تھا، سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر نے کہا کہ ان کے دورکوچنگ میں مصباح الحق پاکستان کے تینوں فارمیٹس میں سب سے کامیاب بیٹسمین تھے، مصباح الحق کرکٹ کی سمجھ بوجھ رکھنے والا ایک سلجھا ہوا کھلاڑی ہے، اس کی عمر زیادہ ہونا اس کے خلاف نہیں جانا چاہئے، پاکستان کرکٹ کو ایسے ہی کپتان کی ضرورت تھی۔