25 فروری 2011
وقت اشاعت: 11:21
بٹ، آصف، عامر: نوکری بھی گئی
اردو ٹائمز - سپاٹ فکسنگ کی پاداش میں پابندی کے شکار تین پاکستانی کرکٹرز سلمان بٹ، محمد آصف اور محمد عامر کو ان کے ادارے نیشنل بینک نے ملازمت سے فارغ کردیا ہے۔
یہ تینوں کھلاڑی کنٹریکٹ پر ملازم تھے۔
نیشنل بینک سپورٹس ڈویژن کے سربراہ اقبال قاسم نے ہمارے نامہ نگار عبدالرشید شکور کو بتایا کہ ان تینوں کرکٹرز کے معاہدے کی تجدید نہیں کی گئی ہے جو اکتیس دسمبر2010 تک تھا۔
انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ آئی سی سی ٹریبونل کی جانب سے تینوں کرکٹرز کو سپاٹ فکسنگ کی پاداش میں دی گئی پابندی کی سزا کے پیش نظر کیا گیا ہے جس کے تحت وہ کسی بھی سطح پر کرکٹ نہیں کھیل سکتے۔
واضح رہے کہ سلمان بٹ گزشتہ آٹھ سال سے نیشنل بینک سے وابستہ تھے۔
محمد آصف چارسال پہلے اور محمد عامر دو سال پہلے نیشنل بینک میں شامل ہوئے تھے۔
آئی سی سی ٹریبونل نے سلمان بٹ پر دس سالہ پابندی عائد کی گئی ہے۔
محمد آصف پر سات اور محمد عامر پر پانچ سالہ پابندی لگائی گئی ہے۔
سلمان بٹ اور محمد آصف کو پانچ سال کی معطلی کی سزا دی گئی ہے کہ اس دوران ان کا رویہ اچھا رہا تو ان کی پابندی میں بالترتیب پانچ اور دو سال کی نرمی کی جاسکتی ہے۔