5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
امریکا کو لاکربی ملزم رہا کرانے میں قطر کے کردار پر تشویش تھی،وکی لیکس
جنگ نیوز -
کراچی…امریکا نے لاکربی ملزم عبدالباسط المغرائی کو رہا کرانے میں قطر کے کردار پر گہری تشویش ظاہر کی تھی۔اٹھائیس اکتوبر دو ہزار نو کو دوحا میں امریکی سفیر جوزف لی بے رون نے قطر کے وزیر معاون برائے عالمی امور ، خالد العطیہ سے ملاقات کی اور لاکربی حملہ آور کی رہائی کیسے متعلق قطر کے کردار پرگہری تشویش ظاہر کی۔ خالد العطیہ کا کہنا تھا کہ ان کے ملک نے یہ کردار صرف اس لیے ادا کیا کیونکہ دو ہزار نو میں عرب لیگ کی صدارت قطر کے پاس ہے اور عرب ملکوں نے قطر کو عبدالباسط المغرائی کی رہائی کیلئے کردار ادا کرنے کا کہا تھا۔ قطری وزیر نے یہ بھی واضح کیا کہ لیبیا سے تعلق رکھنے والے لاکربی حملہ آور کی رہائی کیلئے قطر نے اسکاٹ لینڈ کے قوانین کی مکمل پاسداری کی۔ خالد العطیہ کے مطابق لاکربی حملہ آور نے قطر کے امیر سے بھی رہائی کیلئے درخواست کی تھی۔ امریکی سفیر نے پوچھا کہ کیا کہ رہائی کے لیے رقم بھی دی گئی تو قطر کے وزیر نے ان اطلاعات کو احمقانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دوحا قیادت نے ایک پیسہ بھی نہیں دیا۔