5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
لاہور:بغیرچھت اور دیواروں کا اسکول، ای ڈی او معطل
جنگ نیوز -
لاہور…وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے جیو نیوز کی رپورٹ پر ایکشن لے لیا۔ لاہور کے گاؤں میں سرکاری سکول کی تعمیر میں غفلت پر ای ڈی او ایجوکیشن لاہورکو معطل کر دیا۔ وزیراعلیٰ نے ایک ہفتے میں لڑکوں، لڑکیوں کے مشترکہ اسکول کی تعمیر شروع کرنے کا حکم بھی دے دیا۔وزیراعلیٰ شہباز شریف اتوار کی صبح لاہور ایئرپورٹ کے قریب چاچو والی گاؤں پہنچ گئے۔ مقامی رہائشیوں نے بتایا کہ لڑکیاں خیمے میں جبکہ لڑکے کھلے میدان میں پڑھ رہے ہیں۔ اس موقع پر محکمہ تعلیم کاکہنا تھا کہ بچوں کو لدھڑ گاؤں میں نیا اسکول بنا کر دیں گے لیکن لوگوں نے بتایا کہ یہ گاؤں دس کلومیٹر دور ہے بچیوں کے لئے وہاں جانا ممکن نہیں۔ اس پر وزیر اعلیٰ محکمہ تعلیم والوں پر برہم ہوگئے اور کہا کہ اگر آپ کے بچے ادھر پڑھتے تو راتوں رات عمارت کھڑی ہوجاتی۔ وزیر اعلیٰ نے گاؤں کے قریب لڑکوں اور لڑکیوں کے الگ الگ سکول تعمیر کرنے کابھی حکم دیا۔