5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
خیبر پختونخوااسمبلی میں صدر کے دو عہدوں کے حق میں قرارداد منظور
جنگ نیوز -
پشاور…خیبر پختونخوا اسمبلی نے صدر آصف زرداری کے دو عہدوں کے حق میں قرار داد متفقہ طور پر منظور کر لی۔ خیبرپختون خوا اسمبلی میں صدر کے دو عہدوں کے حق میں قرار داد پیپلز پارٹی کے رکن عبدالاکبر خان نے پیش کی،جس میں کہا گیا تھا کہ صدرآصف علی زرداری کی مفاہمت کی پالیسی سے جمہوریت ترقی کررہی ہے۔ صدرکے دو عہدے ملک اور جمہوریت کیلئے ضروری ہیں ۔ سینئروزیربشیراحمد بلور نے قرارداد کی تائید کی۔ تاہم حزب اختلاف نے قرار داد کی منظوری کے بعد یہ موقف اختیار کیا کہ قرارداد ہماری غیرموجودگی میں منظور کی گئی ہے اورہم اسے نہیں مانتے، قائد حزب اختلاف اکرم خان درانی کا کہنا تھا کہ صدر مملکت پر ہمارا اعتماد نہیں اور وہ اس قرارداد کے خلاف تحریک التوا جمع کرائیں گے۔