5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
کراچی:اورنگی میں رینجرز کا آپریشن ختم، زیرحراست افراد سے پوچھ گچھ
جنگ نیوز -
کراچی…کراچی میں اورنگی ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں جاری رینجرز کا آپریشن ختم ہوگیا ہے لیکن زیرحراست متعدد افراد سے پوچھ گچھ کا سلسلہ جاری ہے ۔ اورنگی ٹاؤن کے علاقے عمربلوچ محلہ،فقیر کالونی مومن آباد تھانے کے اطراف آپریشن میں رینجرز کی بھاری نفری نے حصہ لیا جس کے بعد کئی مشتبہ افراد کوحراست میں لینے کادعویٰ کیاگیا۔تاہم ذرائع کے مطابق کچھ لوگوں کو پوچھ گچھ کے بعد رہا کردیا گیاجبکہ حراست میں لیکرنامعلوم مقام پرمنتقل کئے گئے150سے زائد افراد میں سے بھی زیادہ تر وہ لوگ ہیں جن کے پاس کوئی شناختی دستاویز نہیں۔ رینجرزکی اچانک کارروائی کیخلاف علاقہ مکینوں نے احتجاج کیاجن میں خواتین بھی موجود تھیں۔ اہل علاقہ کا کہنا تھا کہ رینجرز نے بلاجواز ان کے گھر والوں کو حراست میں لیا،انہیں فوری طور پر رہا کیا جائے۔ادھرآپریشن مکمل ہونے کے بعد علاقے کی دکانیں کھل گئی ہیں اورٹریفک بحال کرادیا گیا ہے ۔