5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
معاشی مشکلات ، حکومت اور ن لیگ نے سر جوڑلئے
جنگ نیوز -
اسلام آباد …حکومت اور مسلم لیگ ن نے طے کیا ہے کہ مہنگائی کنٹرول کرنیکیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر کام کریں گی۔ اس سلسلے میں24 جنوری کو چاروں صوبائی چیف سیکریٹریز کا اجلاس بلالیا گیا ہے۔ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ دس نکاتی قومی ایجنڈے کی تکمیل کیلئے 45 دن کا انتظار نہیں کیا جائے گا، جو کام دو دن میں ہو سکا وہ دو دن میں ہی کریں گے۔مسلم لیگ ن کے قومی ایجنڈے کے تحت معاشی مسائل کا حل تلاش کرنے کیلئے وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ اور اسحاق ڈار کی قیادت میں ن لیگ کی ٹیم کے درمیان دو گھنٹے تک مشاورتی اجلاس ہوا۔اجلاس کے بعد مشترکا نیوز بریفنگ میں دونوں رہ نماؤں نے بتایا کہ بجلی ،گیس کی لوڈشیڈنگ پر قابو پانے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا نظام شفاف بنانے کیلئے دو الگ الگ کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں ۔ انکمیٹیوں میں حکومت اور اس کی اتحادی جماعتوں جب کہ اپوزیشن سے مسلم لیگ ن اور ق کے اراکین شامل ہوں گے ۔ وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ اجلاس کے دوران معاف کئے گئے قرضوں کے معاملے پر بھی بات ہوئی، اس حوالے سے گورنر اسٹیٹ بینک سے 22 جنوری کو ملاقات کی جائے گی۔سرکاری کارپویشنوں کی کارکردگی بہتر بنانے پر بھی پیش رفت ہوئی ہے۔اجلاس کا خوش آئند پہلو یہ تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے جاری اخراجات میں 30 فی صد کمی اور مالی خسارے پر قابو پانے کی کی تجویز پر اتفاق کیا گیا ہے۔ حفیظ شیخ اور اسحاق ڈار کا کہنا تھاکہ26 جنوری کے اجلاس کے بعد قوم خوشخبری سنے گی۔