تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48

کے ای ایس سی کے برطرف ملازمین کا احتجاج تا حال جاری

جنگ نیوز -
کراچی…کراچی الیکٹرک سپلائی کارپوریشن کے ملازمین کا ملازمتوں کی برطرفی کے خلاف احتجاج تا حال جاری ہے۔ کے ای ایس سی ملازمین کا گزشتہ صبح شروع ہونے والا احتجاج تاحال جاری ہے ۔کے ای ایس سی کے بر طرف ملازمین کا ساری رات کے ای ایس سی ہیڈ آفس کے باہر احتجاج دھرنا جاری رہا۔مظاہرہ کرنے والے ملازمین ساری رات کے ای ایس سی ہیڈ آفیس کے باہر بیٹھے رہے اور اپنے مطالبات پورے کرنے کے لئے نعرے بازی کرتے رہے۔ گزشتہ روز ملازمین گورنر ہاؤس کے قریب جمع ہوئے تھے جس کے بعد کے ای ایس سی کے ہیڈ آفس کا گھیراؤ کر کے مشتعل افراد نے دفتر پر حملہ کردیا تھا ۔مظاہرین کی جانب سے توڑ پھوڑ کے نتیجے میں افسران کی 2 سو سے زائد گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا۔ کے ای ایس سی کے مزدور رہنما نے موقع پر پہنچ کرمشتعل افراد کو ہیڈ آفس سے نکالا ، اس تمام کارروائی کے دوران ٹی پی او کلفٹن طارق دھاریجو رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ موجود رہے لیکن پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی ،دوسری طرف کے ای ایس سی ترجمان کے مطابق انتظامیہ نے غیر پیدواری اور غیر بنیادی شعبوں کو ختم کیا ہے۔ کے ای ایس سی انتظامیہ نے ان شعبوں کے 4500 ملازمین کو رضاکارانہ طور پر علیحدگی کی پیش کش کی تھی جس کی مدت رواں سال 15جنوری کو ختم ہوگئی ہے ، اسکیم کے تحت 375ملازمین پہلے ہی نوکری چھوڑ چکے ہیں ،جبکہ برطرف ملازمین کو قوانین کے مطابق بقایاجات 1 ماہ کی تنخواہ کے ساتھ دیے جائیں گے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.